پیر 23 نومبر 2026 - 14:00
حوزہ علمیہ نجف اشرف کے قیام کے ایک ہزار سال مکمل، حرم امامین کاظمینؑ میں تقریبات کا آغاز+تصاویر

حوزہ/ عراق کے شہر کاظمین میں حرم امامین کاظمین علیہما السلام میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی مناسبت سے علمی اور ثقافتی تقریبات کا افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے، حرم امامین کاظمین کے متولی، دیگر مقدس مقامات کے نمائندوں، سرکاری و عسکری حکام، یونیورسٹیوں کے سربراہان، اساتذہ اور دینی شخصیات نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے شہر کاظمین میں حرم امامین کاظمین علیہما السلام میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ایک ہزار سال مکمل ہونے کی مناسبت سے علمی اور ثقافتی تقریبات کا افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے، حرم امامین کاظمین کے متولی، دیگر مقدس مقامات کے نمائندوں، سرکاری و عسکری حکام، یونیورسٹیوں کے سربراہان، اساتذہ اور دینی شخصیات نے شرکت کی۔

یہ تقریب حرم امامین کاظمین علیہما السلام کے صحن میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد آیت اللہ سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ حسین آل یاسین نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف کی ایک ہزار سالہ تاریخ ایک عظیم علمی ورثہ ہے، جس کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق اور مطالعے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کے بانی شیخ الطائفہ شیخ طوسیؒ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغداد سے نجف اشرف منتقل ہوکر وہاں علمی مرکز کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو اپنے دینی تشخص اور علمی و تہذیبی ورثے سے آگاہ ہونا چاہیے۔

تقریب میں حرم امامین کاظمین کے متولی حیدر عبدالأمیر مہدی نے بھی خطاب کیا اور ایک ہزار سالہ تقریبات کے سلسلے میں مختلف علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کی تاریخ، اس کے علمی کارناموں، علما کی خدمات اور شہر کاظمین کے علمی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا کو فکری، ثقافتی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے ایسے علمی مکالمے کی ضرورت ہے جو دینی روایات اور جدید تقاضوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرے۔ اس کے ذریعے اعتدال، باہمی احترام، مکالمے، رواداری، انصاف اور انسانی ہمدردی جیسی اقدار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حوزہ علمیہ کا مقصد صرف علما اور محققین کی تربیت نہیں، بلکہ معاشرے میں اخلاقی اقدار، ذمہ داری کے احساس اور علم کے ساتھ عملی خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دینا ہے۔

تقریب کے اختتام پر حرم امامین کاظمین کے شعبۂ میڈیا کی تیار کردہ ایک دستاویزی ویڈیو دکھائی گئی، جس میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کی ایک ہزار سالہ تقریبات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی سرگرمیوں اور اقدامات کو پیش کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha